جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/احد زرگر میموریل ریسرچ فاؤنڈیشن نے آج اپنے سالانہ اعزازات "احد زرگر میموریل ایوارڈ 2025” کے لیے منتخب شخصیات کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا۔ جیوری کے متفقہ فیصلے کے مطابق اس سال کے اعزازات دو قدآور شخصیات، مشتاق برق اور گلزار احمد گنائی کو اُن کی نمایاں علمی، ادبی اور ثقافتی خدمات کے اعتراف میں دیے جا رہے ہیں۔
فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کردہ جیوری نوٹ کے مطابق، معروف محقق، مترجم اور صوفی شعریات کے شناور مشتاق برق کو "احد زرگر لٹریچر ایوارڈ 2025” سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز انہیں صوفی شعرا بشمول سوچھ کرال، وہاب کھار، احد زرگر اور احمد بٹواری کی شاعری کے اعلیٰ پایہ کے انگریزی منظوم تراجم پر دیا جا رہا ہے، جن کے ذریعے انہوں نے کشمیری صوفی ادب کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ مشتاق برق نے مرحوم احد زرگر کی تین کتب کا منظوم انگریزی ترجمہ بھی کیا ہے، جو بین الثقافتی مکالمے میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب، کشمیری لوک موسیقی کے ممتاز استاد گلزار احمد گنائی کو "احد زرگر ایوارڈ برائے ثقافت” سے سرفراز کیا جائے گا۔ انہیں یہ اعزاز کشمیری لوک روایت میں ان کی گراں قدر خدمات، صوفیانہ پیغام رسانی، اور مقامی ثقافت کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے صلے میں دیا جا رہا ہے۔ جیوری کے مطابق، گلزار گنائی نہ صرف کشمیر کے ثقافتی ورثے کے زندہ ترجمان ہیں بلکہ عالمی سطح پر صوفی اقدار کے سفیر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔
ایوارڈز کی تقریب 12 اگست 2025 کو "احد زرگر میموریل ڈے” کے موقع پر فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوگی، جہاں ان دونوں شخصیات کو باوقار انداز میں اعزازات سے نوازا جائے گا۔


