جنگ نیوز
سرینگر/ جموں و کشمیر کے فوڈ اینڈ ڈرگ (FDA)نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو خبردار کیا ہے کہ گمراہ کن اشتہارات اور بے بنیاد دعوؤں پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔
کمشنر خالد جہانگیر (JKAS) نے تمام کاروباری اداروں کو Food Safety and Standards (Advertising and Claims) Regulations, 2018 پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق ’Natural‘، ’Fresh‘، ’Pure‘، ’Authentic‘ اور ’Traditional‘ جیسے الفاظ استعمال کرنے کے لئے مقررہ شرائط اور ثبوت ضروری ہیں۔ ’Traditional‘ کا دعویٰ اسی صورت میں کیا جاسکتا ہے جب متعلقہ ترکیب یا طریقۂ تیاری کم از کم 30 سال سے رائج اور بڑی حد تک غیر تبدیل شدہ ہو۔
FDA نے بیماریوں کی روک تھام یا علاج سے متعلق غیر مجاز دعوؤں سے بھی خبردار کیا ہے۔ یہ قواعد پیکیجنگ کے علاوہ ویب سائٹس، سوشل میڈیا اور دیگر تشہیری ذرائع پر بھی لاگو ہوں گے۔
تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو لیبلز، اشتہارات اور تشہیری مواد کا جائزہ لے کر گمراہ کن یا غیر مصدقہ دعوے ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایڈوائزری کا مقصد صارفین کا تحفظ اور انہیں درست معلومات فراہم کرنا ہے۔


