جنگ نیوز ڈیسک
نئی دہلی/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا نے آج نئی دہلی میں فوٹو جرنلسٹ آشیش شرما کی تصنیف کردہ کافی ٹیبل بک "ری امیجنگ جموں و کشمیر” "Reimagining Jammu & Kashmir” کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے واضح انداز میں کہا کہ ان کی انتظامیہ "امن خریدنے میں نہیں بلکہ امن قائم کرنے میں یقین رکھتی ہے۔”
آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: "عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر نے 2019 کے بعد دوبارہ اپنی ‘جنت کی شناخت حاصل کی ہے، اور آشیش شرما کی تصویری نگاہ نے اس تبدیلی کو بخوبی قید کیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا: "یہ کافی ٹیبل بک گزشتہ پانچ برسوں میں جموں و کشمیر میں ہونے والی تبدیلیوں کو قوم کے سامنے پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔”
تاریخی حوالوں پر روشنی ڈالتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: "جموں و کشمیر کی تاریخ میں 5 اگست اور 6 جون ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ جہاں 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی منسوخی سے مکمل انضمام کی راہ ہموار ہوئی، وہیں 6 جون کو کشمیر کو کنیاکماری سے جسمانی طور پر جوڑ کر عوام کی امنگوں کو قومی دھارے سے وابستہ کیا گیا۔”
امن و امان کے حوالے سے انہوں نے کہا: "میرا پیغام پہلے دن سے بالکل واضح تھا ہم امن خریدنے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے سیکیورٹی ایجنسیوں کو یہ نظریہ دیا تھا: بے گناہوں کو نہ چھیڑو، مجرموں کو ہرگز نہ بخشو۔”
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ "چار پی” یعنی امن، ترقی، خوشحالی اور عوام کو اولیت کے وژن کو کامیابی سے عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ "ہمارا انفراسٹرکچر بے مثال رفتار سے بدلا ہے اور معیشت متاثرکن ترقی دکھا رہی ہے،” انہوں نے کہا۔
کشمیر میں سماجی زندگی اور شہری سہولیات کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: "کسی بھی شہر کی رات صرف گھڑی کا وقت نہیں بلکہ زندگی کی علامت ہوتی ہے، اور وادی کشمیر کے شہر اپنی رونق دوبارہ حاصل کر چکے ہیں۔ دہائیوں بعد جموں و کشمیر کا رشتہ جھیلوں اور دریاؤں سے دوبارہ جڑ گیا ہے۔”
صنعت، اسٹارٹ اپ اور زراعت کے شعبوں میں ہونے والی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: "نوجوان اپنی خواہشات کو کار و بار کے ذریعے پورا کر رہے ہیں، اور پچھلے چار برسوں میں تقریباً دس لاکھ افراد نے خود روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھایا ہے۔ ہم نے یہ یقینی بنایا ہے کہ معاشرے کا کوئی طبقہ پیچھے نہ رہ جائے۔”
انہوں نے کتاب کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا: "کتابیں وقت کی دستاویز ہوتی ہیں، اور کافی ٹیبل بکس دلکش تصاویر کے ذریعے ترقی کی کہانی سناتی ہیں۔ ہم آشیش کے کیمرے سے دیکھ سکتے ہیں کہ جموں و کشمیر کس طرح حرکت میں ہے۔”
لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کو گمراہ کن بیانات دینے والوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا: "لوگ سیاست کریں، لیکن ہماری عظیم قوم کی یکجہتی اور سالمیت کی قیمت پر نہیں۔”
اس موقع پر سابق مرکزی وزیر مملکت محترمہ میناکشی لیکھی، آئی جی این سی اے کے صدر شری رام بہادر رائے، رکن سیکریٹری ڈاکٹر سچچدانند جوشی، کالا ندھی کے ڈائریکٹر و سربراہ پروفیسر رمیش سی گور، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز شہری بھی موجود تھے۔