جنگ نیوز ڈیسک
بھوپال: وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کے بھوپال میں لوک ماتا دیوی اہلیہ بائی مہلا سشکتی کرن مہا سمّیلن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردوں نے نہ صرف بھارتیوں کا خون بہایا بلکہ ہمارے ثقافتی اقدار پر بھی وار کیا اور سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ دہشت گردوں نے بھارت کی ناری شکتی کو چیلنج کیا اور یہ چیلنج ان کے لئے مہلک ثابت ہوا۔ وزیر اعظم نے ’آپریشن سندور‘ کو بھارت کی تاریخ کا سب سے بڑا اور کامیاب ترین انسداد دہشت گردی آپریشن قرار دیا اور کہا کہ بھارتی افواج نے وہاں دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کیا جہاں پاکستان کو کبھی حملے کی توقع بھی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور نے یہ پیغام دیا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے مسلط کی جانے والی پراکسی جنگیں اب برداشت نہیں کی جائیں گی۔ بھارت نہ صرف اپنی سرزمین پر خطرات کو ختم کرے گا بلکہ دہشت گردوں کو سہارا دینے والوں کو بھی اس کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ "اب ہر بھارتی کی زبان پر یہی بات ہے کہ اگر گولی چلاؤ گے تو توپ کے گولے سے جواب دیا جائے گا”۔
انہوں نے کہا کہ ’آپریشن سندور‘ بھارت کی ناری شکتی کی طاقت اور بہادری کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی خواتین اہلکاروں کے کردار کو بھی سراہا، جنہوں نے جموں، پنجاب، راجستھان اور گجرات میں اس آپریشن میں بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے سرحد پار فائرنگ کا جواب دینے اور دشمن ٹھکانوں کو نشانہ بنانے میں خواتین اہلکاروں کی بہادری کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھارت کی بیٹیوں کی دفاعی صلاحیت کو دیکھ رہی ہے۔ پچھلے دس برسوں میں خواتین کو سیکیورٹی فورسز میں مضبوط مقام دینے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اب لڑکیوں کے لئے سینک اسکولوں کے دروازے کھل گئے ہیں، جو ایک تاریخی قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ۲۰۱۴ میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) میں لڑکیوں کی تعداد صرف ۲۵ فیصد تھی، جو اب ۵۰ فیصد کے قریب پہنچ رہی ہے۔ وزیر اعظم نے خوشی کا اظہار کیا کہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) کی پہلی خاتون کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد خواتین اب فوج، بحریہ اور فضائیہ میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آفیسرز اب لڑاکا طیاروں سے لے کر جنگی جہاز آئی این ایس وکرانت تک قیادت اور جرات کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے بھارتی بحریہ کی خواتین کی حالیہ بہادری کو اجاگر کرتے ہوئے ’نویکا ساگر پرکرما‘ کا حوالہ دیا، جہاں دو خواتین آفیسرز نے ۲۵۰ دن تک سمندر میں سفر کر کے دنیا کا چکر لگایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان خواتین نے سمندری طوفانوں، شدید موسمی حالات اور طویل دورانیے تک خشکی دیکھے بغیر سفر کر کے ثابت کر دیا کہ بھارت کی بیٹیاں ہر چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارت کی ناری شکتی نہ صرف ملک کے تحفظ میں حصہ ڈال رہی ہے بلکہ نکسل مخالف آپریشنز اور سرحد پار دہشت گردی کے خلاف بھی خدمات انجام دے رہی ہے۔ دیوی اہلیہ بائی کی سرزمین سے وزیر اعظم نے بھارت کی ناری شکتی کو سلام پیش کیا